نہ پوچھ نسخۂ مرہم جراحت دل كا

(Ghazal)

نہ پوچھ نسخۂ مرہم جراحت دل كا
کہ اس میں ریزۂ الماس جزو اعظم ہے
 
بہت دنوں میں تغافل نے تیرے پیدا کی
وہ اک نگہ کہ بظاہر نگاہ سے کم ہے
 
بہار تعزیت آباد عشق ماتم ہے
کہ تیغ یار ہلال مہ محرم ہے
 
بہ رہن ضبط ہے آئینہ بندیٔ گوہر
وگرنہ بحر میں ہر قطرہ چشم پر نم ہے
 
چمن میں کون ہے طرز آفرین شیوۂ عشق
کہ گل ہے بلبل رنگین و بیضہ شبنم ہے
 
اگر نہ ہووے رگ خواب صرف شیرازہ
تمام دفتر ربط مزاج برہم ہے
 
اسدؔ بہ نازکیٔ طبع آرزو انصاف
کہ ایک وہم ضعیف و غم دو عالم ہے

Source: متداول

نہ پوچھ نسخۂ مرہم جراحت دل كا — مرزا اسد اللہ خان غالب