ضبط سے جوں مردمک اسپند اقامت گیر ہے

(Ghazal)

ضبط سے جوں مردمک اسپند اقامت گیر ہے
مجمر بزم فسردن دیدہ نخچیر ہے
 
آشیاں بند بہار عیش ہوں ہنگام قتل
یاں پر پرواز رنگ رفتہ بال تیر ہے
 
ہے جہاں فکر کشیدن ہاے نقش روے یار
ماہتاب ہالہ پیرا گردۂ تصویر ہے
 
وقت حسن افروزی زینت طرازاں جائے گل
ہر نہال شمع میں اک غنچۂ گل گیر ہے
 
گریے سے بند محبت میں ہوئی نام آوری
لخت لخت دل نگین خانۂ زنجیر ہے
 
ریزش خون وفا ہے جرعہ نوشی ہاے یار
یاں گلوے شیشۂ مے قبضۂ شمشیر ہے
 
جو بشام غم چراغ خلوت دل تھا اسدؔ
وصل میں وہ سوز شمع مجلس تقریر ہے

Source: غیر متداول

ضبط سے جوں مردمک اسپند اقامت گیر ہے — مرزا اسد اللہ خان غالب