بہ فکر حیرت رم آئنہ پرواز زانو ہے
بہ فکر حیرت رم آئنہ پرواز زانو ہے
کہ مشک نافہ تمثال سواد چشم آہو ہے
ترحم میں ستم کوشوں کے ہے سامان خونریزی
سر شک چشم یار آب دم شمشیر ابرو ہے
کرے ہے دست فرسود ہوس وہم توانائی
پر افشاندہ در کنج قفس تعویز بازو ہے
ہوا چرخ خمیدہ ناتواں بار علائق سے
کہ ظاہر پنجۂ خرشید دست زیر پہلو ہے
اسدؔ تا کے طبیعت طاقت ضبط الم لاوے
فغان دل بہ پہلو نالۂ بیمار بدخو ہے